نجی کالج کی طالبہ کیساتھ منسلک من گھڑت ویڈیو کے واقعے کا مقدمہ درج

10-16-2024

(لاہور نیوز) نجی کالج کی طالبہ کیساتھ منسلک من گھڑت ویڈیو کے واقعے کا ڈیفنس اے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

 مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر طالبہ کیساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی خبر وائرل ہوئی، واقعہ کی تصدیق کیلئے مختلف طلبا وطالبات سے دریافت کیا گیا، متعلقہ لڑکی اور اسکے والدین نے اس واقعہ کی مکمل تردید کی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بچی کے والدین کے مطابق بیٹی دو اکتوبر کو گھر میں گری، گہری چوٹ آئی، 11 اکتوبر تک اسکا علاج اتفاق ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں کیا گیا، 15 دن کا بیڈ ریسٹ تجویز کیا گیا، بیٹی چوٹ لگنے کے بعد نہ کالج گئی نہ کہیں اور، خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ویڈیو محض بدنام کرنے کیلئے بنائی گئی جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، واقعہ سے طلبہ اور عوام الناس کو حکومتی اداروں کیخلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت اشتعال دلوا کر احتجاج کرنے پر مجبور کیا گیا جس سے مشتعل افراد نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ کی، واقعہ سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔