ایس آئی ایف سی کی معاونت اور حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن
10-16-2024
(لاہور نیوز) ایس آئی ایف سی کی معاونت اور حکومتی اقدامات کے ذریعے ملکی معیشت میں ترقی کی راہیں ہموار ہونے لگیں۔
حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مقامی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ، برآمدات میں نمایاں بہتری اور معیشت کو استحکام حاصل ہوا ہے۔ رواں مالی سال میں پاکستان نے پہلی بار چاول کی برآمدات کے ذریعے 4 بلین ڈالر آمدنی حاصل کی جس سے آئندہ مالی سال میں برآمداتی ہدف کو بڑھا کر 5 بلین ڈالر کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کی بدولت باسمتی چاول کی پیداوار میں 188 فیصد اور سلور رائس میں 17 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح پاکستانی آم کی برآمدات چین کی منڈی میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں اور رواں سال کے دوران پاکستان سے 4,214 کلو آم چین کو برآمد کئے گئے ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2025 میں تجارتی اشیاء کی برآمدات 5.05 ارب ڈالر رہیں جو پچھلے مالی سال کے 4.43 ارب ڈالر سے 14 فیصد زیادہ ہیں، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے آمدنی میں نمایاں اضافہ کی بدولت 4.06 بلین روپے کا منافع حاصل کیا جو 2023 میں 1.82 بلین روپے تھا۔ اسی طرح پاکستان کا ای کامرس شعبہ 46 بڑی مارکیٹوں میں شامل ہو چکا ہے جس کی آمدنی 5.2 بلین ڈالر ہے اور اس میں 5.92 فیصد کی شرح سے مزید اضافہ متوقع ہے۔ ایس آئی ایف سی کی کوششیں پاکستان کی معیشت کے مستقبل کی راہ ہموار کرنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی طرف ایک مستحکم اور مثبت سمت میں گامزن ہیں۔