پاکستان نیول اکیڈمی کی برازیل میں بین الاقوامی سیلنگ مقابلے میں شاندار کامیابی
10-16-2024
(لاہور نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے برازیل میں 79 ویں بین الاقوامی سیلنگ مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے سیلنگ کے بین الاقوامی مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور سلور میڈل حاصل کیا، جے-24 کلاس سیلنگ بوٹس پر منعقدہ مقابلوں میں 9 ممالک کی اکیڈمیز کے کیڈٹس نے حصہ لیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بین الاقوامی سیلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نیول اکیڈمی کی ٹیم کے علاوہ برازیل، اٹلی، چائنہ، کولمبیا، پرتگال، ارجنٹائن، پیرو اور انڈیا کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران بین الاقوامی سیلنگ مقابلوں میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کی یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے شاندار کامیابی پر کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بین الاقوامی مقابلے میں شاندار کارکردگی پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ تربیت کے اعلیٰ معیار کا ثبوت ہے۔