پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علما اسلام متفقہ آئینی اصلاحات ڈرافٹ پر متفق
10-15-2024
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علما اسلام کا متفقہ آئینی اصلاحات ڈرافٹ پر اتفاق ہو گیا۔
مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے درمیان 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول ہاؤس میں 3 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، مذاکرات کے بعد پاکستان پیپلر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کو ہم نے ڈسکس کیا، پیپلز پارٹی کے ساتھ ڈرافٹ پر اتفاق ہو گیا ہے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل میاں نواز شریف سے ملاقات ہو گی، نواز شریف سے بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے، اتفاق رائے کے لیے بلاول کا اہم کردار ہے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے شکرگزار ہیں، نواز شریف کی طرف سے ہمیں کھانے کی دعوت دی گئی ہے، امید ہے نوازشریف کے ساتھ بھی اتفاق رائے ہو جائے گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی خواہش ہے پی ٹی آئی کے ساتھ بھی اتفاق ہو جائے، اتفاق رائے سے بہتری آئے گی، دعاگو ہیں مولانا فضل الرحمان اتفاق رائے کے مشن میں کامیاب ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیشہ کامیاب آئین سازی میں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کا کردار رہا ہے، ہماری جے یو آئی کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر ہو گی، پہلے نواز شریف سے اتفاق رائے پیدا کر لیں پھر میڈیا سے شیئر کریں گے۔