صدر مملکت سے چینی وزیر اعظم کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

10-15-2024

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک چین سٹریٹجک تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، صدر مملکت نے چینی وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت سے کرغزستان کے وزراء کی کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے، دو طرفہ تجارت میں قابلِ قدر مصنوعات اور تنوع سے اضافہ کیا جا سکتا ہے، کرغزستان کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرغزستان کے ساتھ تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، سلامتی کونسل کی غیر مستقل سیٹ پر پاکستان کے کامیاب انتخاب میں کرغزستان کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں کرغزستان کے وزراء کی کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ کرغزستان کی ترجیح ہے، کرغزستان معیشت، کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اکیل بیک جاپاروف کامزید کہنا تھا کہ کرغزستان کی معاشی ترقی کے باعث تعمیراتی اور ٹیکسٹائل شعبے میں افرادی قوت کیلئے بڑے مواقع ہیں، کرغز شہریوں کیلئے پاکستانی ویزے کے اجراء کا عمل آسان بنانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔