یو سی پی میں ہورائزنز آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انجینئرنگ کے موضوع پر کانفرنس

10-15-2024

(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں ’’ہورائزنز آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انجینئرنگ ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔

فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنسز اور سوفٹ ویئر انجینئرنگ کے طلبہ نے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی، پہلے روز مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر انجینئرنگ، روبوٹکس اینڈ پاور، انرجی سسٹمز، جیو سائنس اور ریموٹ سینسنگ سمیت متعدد موضوعات پر طلبہ کو آگاہی فراہم کی گئی۔ فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹر سائنسز کے ڈین ڈاکٹر امجد اقبال، پرو ریکٹر یو سی پی ڈاکٹر حماد نوید نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں نیشنل، انٹرنیشنل سکالرز اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ نے اپنی ریسرچ پیش کی، انٹرنیشنل سپیکرز اور پروفیسر ڈاکٹر اینڈریو ویئر اور ڈاکٹر سٹیفن پوسلاد کی جانب سے ٹیکنالوجیز کے استعمال پر پریزنٹیشن دی گئی۔ ڈاکٹر حماد نوید نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد نئی اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تحقیق اور ترقی کو فروغ دینا ہے جبکہ ڈاکٹر امجد اقبال کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کانفرنس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر طلبہ اور سکالرز علم بانٹتے اور نئے آئیڈیاز شیئر کرتے ہیں۔ کانفرنس کے پہلے روز کے اختتام پر مہمانوں کو سووینئرز بھی پیش کئے گئے۔