حسن ابدال میں شوہر کا بیوی پر تشدد، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کا فوری ایکشن

10-15-2024

(لاہور نیوز) حسن ابدال میں شوہر کا بیوی پر تشدد کے واقعے کا ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے فوری ایکشن لے لیا۔

شناخت ظاہر نا کرنے کی درخواست پر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کو خفیہ اطلاع دی گئی، کالر  نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کیا اور بتایا کہ شوہر بیوی پر تشدد کر رہا ہے، لڑائی جھگڑے کی آوازیں دور تک سنائی دے رہی ہیں۔  ترجمان سیف سٹیز کے مطابق کال موصول ہوتے ہی کیس کو ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن ٹرانسفر کیا گیا، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے پولیس کو فوراً موقع پر روانہ کیا، پولیس نے خاتون کو تحفظ فراہم کیا اور شوہر کو پولیس سٹیشن لے گئی۔ ترجمان نے بتایا شوہر کے معافی مانگنے پر متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج نہ کرنے کی درخواست کی، خواتین ایمرجنسی میں 15 پر کال کرکے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کریں۔