ممتاز افسانہ نگار محمد منشا یاد کی آج 13 ویں برسی منائی جا رہی ہے
10-15-2024
(لاہور نیوز) ممتاز افسانہ نگار محمد منشا یاد کی آج 13 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
ممتاز افسانہ نگار منشا یاد 5 ستمبر 1937ء کو حافظ آباد کے قریب ایک گاؤں میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام محمد منشا تھا، تاہم منشا یاد کے قلمی نام سے ادبی سفر کا آغاز کیا، پہلا افسانہ 1955ء میں منظر عام پر آیا۔ منشا یاد نے ترقی پسند تحریک کے غلبے کے باوجود اپنے لئے ایک نئی اور الگ راہ تلاش کی، اُن کا نقطہ نظر تھا کہ کہانی قاری کی سمجھ میں آنی چاہیے، ’’بند مٹھی میں جگنو‘‘، ’’ماس اور مٹی‘‘ اور ’’خلا اندر خلا‘‘ ان کی کہانیوں کے نمائندہ مجموعے ہیں۔ ’’جنون‘‘، ’’بندھن‘‘، ’’آواز‘‘ اور’’پورے چاند کی رات‘‘ منشا یاد کے معروف ٹی وی ڈرامے ہیں، اُن کے پنجابی ناول ’’ٹاواں ٹاواں تارا‘‘ کو ایک ڈرامہ سیریل میں ڈھالا گیا جو ’’راہیں‘ کے نام سے سرکاری ٹی وی پر نشر ہوا،اس ڈرامے نے بہت مقبولیت حاصل کی۔ منشا یاد نے اسلام آباد میں حلقہ ارباب ذوق کی شاخ بھی قائم کی، حکومت پاکستان نے 2004ء میں منشا یاد کو تمغۂ برائے حسن کارکردگی سے نوازا، 2006ء میں انہیں پنجابی میں بہترین ناول نگاری کا بابا فرید ادبی ایوارڈ ملا، 2010ء میں عالمی فروغ ادب ایوارڈ کے حق دار بھی ٹھہرے۔ ممتاز افسانہ نگار منشا یاد 15 اکتوبر 2011ء کو اسلام آباد میں وفات پاگئے اور وہیں آسودہ خاک ہوئے۔