سلمان خان کی پارٹی میں شرکت کیلئے بہت منتیں کیں: نادیہ حسین کا انکشاف

10-15-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کی سپرماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ممبئی میں سلمان خان کی پارٹی میں شرکت کرنے کے لیے بہت منتیں کی تھیں۔

حال ہی میں نادیہ حسین نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام میں شریک ہوئیں۔ جس میں انہوں نے میزبان سے اپنے کیریئر کے دلچسپ قصے شیئر کیے۔ میزبان نے نادیہ سے ماضی میں پیش آنے والا ایک واقعہ پوچھا جب وہ بھارتی شہر ممبئی گئی تھیں، میزبان نے سوال کیا کہ جب آپ بھارت گئی تھیں تو وہاں جس ہوٹل میں رکی تھیں وہاں آپ نے کچھ مناظر دیکھے تو یہ کیا ہوا تھا؟ جواب میں اداکارہ نے بتایا میں ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے ممبئی گئی ہوئی تھی اور جس ہوٹل میں ہمارا قیام تھا اس کے ہال میں سلمان خان کی بہن کی سالگرہ کی پارٹی ہورہی تھی۔ نادیہ نے بتایا کہ جب ہمیں پتا چلا یہ سلمان کی پارٹی ہے تو ہم نے بہت ہاتھ پاؤں مارے اور ترلے منتیں کیں کہ کسی طرح اس پارٹی میں شریک ہوجائیں، شکر ہے کہ کسی نا کسی طرح ہمیں اجازت مل ہی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹی میں بالی ووڈ کی تمام شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا، دیپکا پڈوکون ، کترینہ کیف اور رنبیر کپور سب ہی وہاں تھے، یہ وہ وقت تھا جب سلمان اور کترینہ کے آپس میں تعلقات تھے، دیپکا اور رنبیر کپور بھی ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے۔ نادیہ نے کہا کہ ظاہر ہے ہماری وہاں کسی سے ملاقات تو نہیں ہوئی لیکن ہم نے سب کو دیکھا۔ نادیہ کے مطابق بالی ووڈ اور پاکستانی سٹارز کی پارٹی میں بہت فرق ہوتا ہے۔