تحریک انصاف نے آج کا احتجاج مؤخر کر دیا: ذرائع کا دعویٰ

10-14-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج کا احتجاج مؤخر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں اکثریت نےکہا کہ احتجاج کی کال واپس لی جائے، احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے تناظر میں وسیع تر ملکی مفاد میں کیا گیا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت احتجاج مؤخر کرنے سے متعلق کچھ دیر میں باضابطہ اعلان کرے گی، خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔ قبل ازیں حکومت نے آج کا احتجاج مؤخر کرنے کے لیے تحریک انصاف کی شرط مان لی ہے۔ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تیار ہے اور ڈاکٹرز آج صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز آج صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج کو بھی ملنے کی اجازت دے دی ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج آج صبح اڈیالہ جیل میں ان کا طبی معائنہ کریں گے۔