نواز شریف نے کہا وہ اور نریندر مودی بہت جلد ساتھ بیٹھنے کا کوئی موقع تلاش کریں گے، بھارتی صحافی

10-14-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھارتی خاتون صحافی برکھا دت نے ملاقات کی اور کہا کہ نواز شریف نے ان سے کہا انہیں امید ہے وہ اور نریندر مودی بہت جلد ساتھ بیٹھنے کا کوئی موقع تلاش کریں گے۔

بھارتی خاتون صحافی برکھا دت شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچی ہیں، ملاقات کے حوالے سے برکھادت کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے انہیں خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ہمیشہ سے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے حامی رہے ہیں، انہیں پاک بھارت تعلقات کی بحالی کا ایک موقع نظر آرہا ہے۔ بھارتی صحافی نے بتایا کہ نواز شریف نے کہا اچھا ہوتا اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی پاکستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرتے، برکھادت کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ان سے کہا انہیں امید ہے وہ اور نریندر مودی بہت جلد ساتھ بیٹھنے کا کوئی موقع تلاش کریں گے۔ بھارتی صحافی کے مطابق بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کا دورہ بھارت اورپاکستان میں دلچسپی سے دیکھا جائے گا۔