شہنشاہ قوال استاد نصرت فتح علی خان کی آج سالگرہ منائی جا رہی ہے

10-13-2024

(لاہور نیوز) سروں کے بے تاج بادشاہ اور شہنشاہ قوال استاد نصرت فتح علی خان کی آج 76 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

 استاد نصرت فتح علی خان نے چار دہائیوں سے زائد موسیقی کی دنیا پر راج کیا اور سینکڑوں غزلیں اور قوالیاں گائیں نصرت فتح علی خان کے مداح آج بھی ان کو یاد کر رہے ہیں۔ استاد نصرت فتح علی خان 13 اکتوبر 1948 کو فیصل آباد کے علاقے دربار لسوڑی شاہ جھنگ بازار میں پیدا ہوئے، نصرت فتح علی خاں نے ایک قوال گھرانے میں آنکھ کھولی ان کو بچپن سے ہی موسیقی کی تربیت دی گئی عمر کے ساتھ ساتھ ان کی آواز اور سروں میں پختگی آتی گئی۔ شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خاں نے سینکڑوں شہرہ آفاق کلام گائے جو زبان زد عام ہوئے، وہ آج بھی کلاسیکل گائیکی سے گلوکاروں کے آئیڈیل ہیں اور قوال ان کے کلام گاتے ہیں۔ نصرت فتح علی کی مشہور قوالیوں میں دم مست قلندر مست، علی مولا علی، یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے، میرا پیا گھر آیا، اللہ ہو اللہ ہو، کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا، اکھیاں اڈیک دیاں، کسی دا یار نا وچھڑے، میرا پیا گھر آیا اور میری زندگی وغیرہ شامل ہیں۔ استاد نصرت فتح علی خان کے گائے ہوئے صوفیانہ کلام اور قوالیاں آج بھی موسیقی کی دنیا میں الگ مقام رکھتی ہیں۔ قوالوں کا کہنا ہے کہ استاد نصرت فتح علی خان موسیقی کی دنیا میں الگ ہی مقام رکھتے تھے ان کے کلام گائے بغیر کوئی قوال نہیں بن سکتا۔