لاہور پولیس کی کارروائی، نوعمر لڑکوں سے جبری مشقت کرانیوالے گروہ کے 3 ارکان گرفتار

10-12-2024

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے آزاد کشمیر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے نوعمر لڑکوں سے جبری مشقت کرانیوالے اغواکار گروہ کے 3 ارکان گرفتار کر لئے۔

ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور کا کہنا تھا اغواکار گروہ کی قید سے 29 بچوں کو بھی بازیاب کرا لیا گیا، اغواکار نوعمر لڑکوں کو لاہور اور دیگر شہروں سے روزگار کا جھانسہ دیکر آزاد کشمیر لاتے تھے، اغواکار لڑکوں سے پہاڑوں میں جبری مشقت کراتے اور بہیمانہ  تشدد کا بھی نشانہ بناتے تھے۔ ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم نے بتایا کہ اغواکار نوعمر لڑکوں کو مشقت کا معاوضہ بھی نہ دیتے بلکہ تشدد کے بعد کمروں میں بند کر دیتے، کمروں کے باہر سکیورٹی گارڈز کھڑے رہتے تھے تاکہ یہ بچے بھاگ نہ سکیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بازیاب ہونے والے لڑکوں کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان ہیں جن کے ورثا کا پتہ چلایا جا رہا ہے۔