بل کی عدم ادائیگی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بجلی کاٹ دی گئی
10-12-2024
(ویب ڈیسک) بل کی عدم ادائیگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی بجلی کاٹ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 69 لاکھ سے زائد بجلی کا بل ادا نہیں کیا، جس پر لیسکو کی جانب سے ایکشن لیا گیا۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے دفتر کا بجلی کا بل 5 لاکھ روپے ہے، اس کی بھی بجلی کاٹی گئی ہے۔ دفاتر میں موجود سٹاف نے بجلی کٹنے کے بارے میں پی ایچ ایف حکام کو آگاہ کردیا ہے۔ امکان ہے کہ پیسوں کا بندوبست ہونے کے بعد پیر کو بل کی ادائیگی ممکن بنائی جائے گی۔ فنڈرز کی کمی کا رونا رونے والے پی ایچ ایف حکام کے مطابق بجلی بحالی کو جلد سے جلد ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔