تکنیکی مسائل، آج بھی 6 پروازیں منسوخ، 25 تاخیر کا شکار

10-12-2024

(لاہور نیوز) آپریشنل مسائل کے باعث قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی آج کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق مختلف ایئر پورٹس کی 25 ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر بھی ہوئی ہے۔ پی آئی اے کی لاہور سے کراچی کی پروازیں پی کے 302 اور 303 منسوخ کر دی گئیں جبکہ ملتان سے شارجہ کے لیے پرواز پی کے 293 کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔ شارجہ سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 182 اور اسلام آباد سے چترال کی پی آئی اے کی 2 پروازیں پی کے 660 اور 661 کو منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ پی آئی اے اور نجی ایئر لائن کی اسلام آباد سے جدہ کی 3 پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے جبکہ لاہور سے دبئی کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 233 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے۔ لاہور سے کراچی کے لیے نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 523 سوا تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو گی اسی طرح کویت، شارجہ، القسیم سے اسلام آباد کی پروازوں کی آمد میں ایک سے دو گھنٹے تاخیر ہوگی۔