وزیر اعظم کا اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کا اعلان

10-11-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں دھرنوں کی سیاست کا آغاز 2014 سے ہو گیا تھا جب ڈی چوک میں فسادیوں نے دھرنے دیے اور وہاں قبریں کھو دی گئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2014 میں چینی صدر  نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن فسادیوں کے احتجاج کی وجہ سے انہیں دورہ منسوخ کرنا پڑا تھا، دھرنوں کی سیاست نے ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ایک صوبے کی طرف سے وفاق پر لشکر کشی کی گئی، جو غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام تھا۔ ایک طرف ملکی ترقی اور دوسری جانب جتھے وفاق پر چڑھائی کررہے ہیں، پیٹرول بم اور گالم گلوچ جنونی جتھے کا وتیرہ بن چکا ہے۔ وزیر اعظم  نے کہا کہ فسادیوں کی بدترین خواہش تھی کہ لاشیں گریں اور یہ آگ ملک بھر میں پھیلے لیکن اسلام آباد پولیس اور رینجرز  نے ایسی تمام سازشیں ناکام بنائیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان پولیس میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، اگر خیبرپختونخوا کو وفاق کی کسی بھی مدد کی ضرورت ہے تو اس کے لیے حاضر ہیں۔ وزیر اعظم  نے اپنے خطاب کے دوران اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کا اعلان کردیا، اس کے علاوہ انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے افسران کو ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے شہید ہونے والے 64 افسران اور جوانوں میں سے صرف 20 کو شہدا پیکج ملا تھا، اب رہ جانے والے 44 شہدا کو پیکج جلد مل جائے گا جبکہ سیف سٹی کو سمارٹ سٹی بنانے کے لیے میری بات ہو چکی ہے، وزیر داخلہ سے امید ہے ان تمام منصوبوں عملی جامہ پہنانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو میڈلز دینے کا منصوبہ بھی بحال کر دیا گیا ہے اور تمام کیسز یکسو کیے جائیں گے، حال ہی میں احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پولیس سپاہی عبدالحمید شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے تمام افسروں اور جوانوں کی بہادری قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر اسلام آباد پولیس میں افسران اور جوانوں کی کمی ہے تو فی الفور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔