الیکشن کمیشن کا سپیکر قومی و پنجاب اسمبلی کے خطوط پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

10-11-2024

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے خطوط پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں سپیکر قومی اسمبلی و سپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے لکھے جانے والے خطوط کا معاملہ زیر غور آیا۔ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق مشاورت کی گئی، الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم  نے خطوط سےمتعلق قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو دو، دو خطوط لکھے ہیں، سپیکرز نے اپنے دونوں خطوط میں اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا اجلاس بغیرنتیجہ ختم ہو گیا، الیکشن کمیشن نے دونوں سپیکرز کے خطوط پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں ممبرسندھ نثاردرانی اور ممبر بلوچستان شاہ محمدجتوئی شریک نہ ہوئے، کمیشن دوسینئرممبران کی عدم شرکت کے باعث کوئی فیصلہ نہ کر سکا۔ واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے الیکشن کمیشن کو دو، دو خطوط لکھے تھے جس میں مخصوص نشستوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔