ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے ایک نہ چلنے دی، پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے بدترین شکست

10-11-2024

(لاہور نیوز) ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان پہلی اننگز میں 500 سے زائد رنز بنا کر اننگز سے ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ شان مسعود مسلسل ناکام کپتان ثابت ہوئے ہیں، انہوں نے مسلسل 6 ٹیسٹ ہارنے کا منفی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ پانچواں روزملتان ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز کیا، آغا سلمان اور آل راؤنڈر عامر جمال نے کچھ مزاحمت دکھائی اور دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ مڈل آرڈر بیٹر آغا سلمان 63 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، بعدازاں شاہین شاہ آفریدی 8 اور نسیم شاہ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عامر جمال 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم دسویں وکٹ کیلئے ابرار احمد بیماری کے باعث بیٹنگ پر ہی نہ آسکے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ گس ایٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2،2 وکٹیں لیں تاہم ایک کھلاڑی کو کرس ووکس نے پویلین کی راہ دکھائی۔ چوتھا روز/ پاکستان کی اننگزدوسری اننگز میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق کی صورت میں پاکستان کو صفر پر پہلا دھچکا لگا بعدازاں کپتان شان مسعود 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سابق کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ناکام ہو گئے اور صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ اوپنر بلے باز صائم ایوب بھی محض 25 رنز ہی بنا سکے اور برائیڈن کارس کی گیند پر بین ڈکٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔ قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی خاطر خواہ کھیل کا مظاہرہ پیش نہ کر سکے اور 19 گیندوں پر محض 10 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ سعود شکیل بھی 29 رنز پر ہمت ہار گئے۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2،2 جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی باریملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز 492 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔ انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور رنز کے انبار لگا دیئے، دونوں انگلش بیٹرز نے پاکستان کیخلاف چوتھی وکٹ کی شراکت میں 454 رنز کی ریکارڈ پارنٹرشپ قائم کی۔ پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور پہلی اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ جو روٹ 262 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، انکی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے، بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پر جو روٹ کا آسان کیچ بھی ڈراپ کیا، اس وقت جو روٹ 186 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ ہیری بروک نے 317 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 29 چوکے اور 3 چھکے لگائے، جیمی سمتھ 31 جبکہ گس ایٹکنسن 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی، سلمان علی آغا اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تیسرا روزتیسرے روز انگلینڈ نے 96 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو محض 17 رنز کے اضافے پر زیک کرولی 78 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ بعدازاں جو روٹ اور بین ڈکٹ نے 136 رنز کی جارحانہ پارٹنرشپ قائم کی تاہم ڈکٹ 84 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ کھیل کے اختتام تک جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنزکے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 243 رنز جوڑے جبکہ پہلی اننگز میں پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کیلئے انگلینڈ کو 64 رنز درکار تھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرا دنمیچ کے دوسرے دن 556 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان اولی پاپ اور زیک کرولی نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ چل سکی اور کپتان اولی پاپ بغیر کھاتے کھولے نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ بعدازاں زیک کرولی اور جوروٹ نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنائے۔ قبل ازیں میچ کے دوسرے روز کے آغاز پر مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے 4 وکٹوں کیساتھ 328 رنز سے اننگز آگے بڑھائی بعدازاں نسیم شاہ 388 کے مجموعی سکور پر 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 450 کے مجموعی سکور پر سعود شکیل کی صورت میں گر گئی، سعود شکیل 177 گیندوں پر 82 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے، سعود کے بعد آنے والے عامر جمال 7 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز کی اننگ کھیلی۔ قومی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ابرار احمد تھے، انہوں نے 3 رنز بنائے جبکہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لیے تھے۔ پہلا دنملتان میں ہونیوالے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب 8 کے مجموعی سکور پر صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ عبد اللہ شفیق نے بھی چھکے کے ساتھ اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 102 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، شان مسعود اور عبداللہ شفیق کے درمیان 253 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اوپنر عبداللہ شفیق کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور وہ 177 گیندوں پر 151 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، ان کی باری میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، پاکستان کی چوتھی وکٹ بابر اعظم کی گری جو 30 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ ٹاس قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیم میں 2 سپنرز اور 3 فاسٹ باؤلر ہیں، ہم چیزوں کو تبدیل کر کے ٹریک پر واپس آنا چاہتے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے سکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے لیکن سیریز میں کامیابی کیلئے جان لڑائیں گے۔ دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان اولی پاپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے، ملتان میں گرمی زیادہ ہے لیکن کوشش کر رہے ہیں کہ خود کو جلد ایڈجسٹ کر لیں۔ پاکستان کا سکواڈقومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق شامل ہیں، محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ اس کے علاہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ انگلینڈ کی پلیئنگ الیونانگلش ٹیم میں اولی پاپ کپتان، زیک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ اور ہیری بروک شامل ہیں جبکہ جیمی سمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیک لیچ، شعیب بشیر اور برائیڈن کارس بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔