باسط علی کی شان مسعود پر کڑی تنقید، ناکام کپتان قرار دیدیا
10-11-2024
(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی خراب پرفارمنس پر پھٹ پڑے، شان مسعود کو ناکام کپتان قرار دے دیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف یقینی شکست کا ذمہ دار یاری دوستی ٹولہ ہے، بابر اعظم کو اب آرام کی ضرورت ہے، شان مسعود بطور کپتان ناکام ہوگئے، پاکستان کرکٹ ٹیم ہر شعبہ میں ناکام رہی، کھلاڑیوں کا فٹنس معیار عیاں ہوگیا۔ باسط علی نے مزید کہا کہ دوسری اننگ میں ہمارے بیٹرز نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، پاکستان کرکٹ کو مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، انگلینڈ کے ہنری بروک مستقبل کے لیجنڈ کرکٹر ہوں گے، چیئرمین پی سی بی اگر ذمہ داری ادا نہیں کر سکتے تو مستعفی ہوجائیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بہترین کرکٹ کھیلی، پاکستان کرکٹ کو سلیکشن سمیت ہر شعبے میں مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، قومی سلیکٹر اسد شفیق اس وقت امریکا میں کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ باسط علی نے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں ہمارے کھلاڑیوں کا فٹنس معیار سامنے آگیا، بابر اعظم اور سعود شکیل نے کیچز چھوڑے، فیلڈنگ کے بعد بیٹنگ کرنے کے لئے آنے پر ہمارے بیٹرز کے پیر لڑکھڑا گئے، پاکستان کے بریڈ مین بابراعظم کو دو ماہ پہلے سمجھایا تھا کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔