وزیراعظم سے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات، اقتصادی تعلقات مضبوط بنانیکا عزم

10-10-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالد بن عبدالعزیز الفالح نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، یہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیر اعظم  نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کو ہلال پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی جو پاکستان سعودی تعلقات کو آگے بڑھانے میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی اور سعودی کاروباری برادریوں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کیا ہے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں فلسطین، کشمیر اور اسلامو فوبیا جیسے معاملات پر سعودی عرب کے موقف کے حوالے سے سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کی۔ اس موقع پر سعودی وزیر سرمایہ کاری عزت مآب خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ آج 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو رہے ہیں یہ سفر کا محض ایک آغاز ہے۔