پنجاب: ن لیگ، پیپلز پارٹی کو ترقیاتی سکیموں کا کوٹہ مل گیا

10-10-2024

(لاہور نیوز) پیپلز پارٹی کو ترقیاتی سکیموں کا کوٹہ مل گیا، پنجاب حکومت نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ممبران اسمبلی کی سفارشات پر 3212 نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 77 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ممبران اسمبلی کی سفارشات پر نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 77 ارب روپے کا فنڈز بھی منظور کر لیا گیا ہے، ترقیاتی سکیموں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ڈرینج، سینٹی ٹیشن، سٹریٹ لائٹس کی بحالی شامل ہو گی۔ اسی طرح اضافی کلاس رومز بنانے کی ترقیاتی سکیموں کو بھی منظور کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے 450 ترقیاتی اسکیموں کی سفارش کی گئی تھی، وزیر اعلی آفس میں پیپلز پارٹی نے ملتان، راولپنڈی، بہاولپور ڈویژن میں ترقیاتی سکیموں کی سفارش کی تھی۔ وزیراعلی آفس بہاولپور ڈویژن میں 324 ترقیاتی سکیموں کے لئے 11 ارب 40 کروڑ روپے، ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 278 ترقیاتی سکیموں کیلئے 8 ارب 10کروڑ روپے، فیصل آباد ڈویژن میں 306 ترقیاتی سکیموں کیلئے 5 ارب 93 کروڑ 60 لاکھ روپے کے فنڈز منظور کر لئے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 385 ترقیاتی سکیموں کیلئے 9 ارب 69 کروڑ روپے، گجرات ڈویژن 155 ترقیاتی سکیموں کیلئے 6 ارب 63 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ لاہور ڈویژن کیلئے 308 ترقیاتی سکیموں کیلئے 6 ارب 87 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ملتان ڈویژن میں 372 ترقیاتی سکیموں کے لئے 6 ارب 33 کروڑ 50 لاکھ روپے، راولپنڈی ڈویژن میں 393 ترقیاتی سکیموں کیلئے 9 ارب 14کروڑ 50 لاکھ روپے، ساہیوال ڈویژن 358 ترقیاتی سکیموں کیلئے 7 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ روپے اور سرگودھا ڈویژن میں 333 ترقیاتی سکیموں کیلئے 5 ارب 69 کروڑ 30 لاکھ روپے فنڈز منظور کر لئے گئے ہیں۔ ممبران پنجاب و قومی اسمبلی کی جانب سے ترقیاتی سکیموں کی فہرست وزیر اعلی آفس جمع کروائی گئی تھی، وزیر اعلی آفس کی جانب سے تمام ترقیاتی سکیموں کو محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ بلدیات کو بھیجوایا گیا، وزیراعلی سپیشل ڈویلپمنٹ پروگرامز کی مد میں رکھے گئے بجٹ میں سے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی مد میں 77 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے.