کارپوریٹ فارمنگ کیلئے سعودی انویسٹرز کی معاونت کی جائے گی، مریم نواز شریف
10-10-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کارپوریٹ فارمنگ کے لئے سعودی انویسٹرز کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے تجارتی وفد کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، اس موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا سعودی عرب کے تجارتی وفد کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سےخوش آمدید کہتے ہیں، سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے، پاک سعودیہ تعلقات قربت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا عزم ہے کہ پاکستان کو سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش بنائیں گے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا سعودی سرمایہ کاروں کے لئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں، پنجاب میں سعودی انویسٹرز کے لئے ایگریکلچر، لائیو سٹاک، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا پنجاب میں انرجی، صنعت، سیاحت اور ٹیکسٹائل میں سعودی سرمایہ کاروں کی معاونت کریں گے، سعودی عرب پاکستان کے لئے برادر بزرگ کی حیثیت رکھتا ہے، ہر مشکل گھڑی میں سعودی تعاون بے مثال ہے۔