اے این ایف کی کارروائیاں، 52 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

10-10-2024

(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 4 مختلف کارروائیوں میں 52 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 65 کلوگرام منشیات برآمد جبکہ 6 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب رکشہ سے 13 کلو 200 گرام چرس برآمدکر لی گئی جبکہ 2 ملزمان گرفتار کر لئے گئے ، کراچی میں واقع ایک بڑے تعلیمی ادارے کے قریب ملزم سے 308 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ، پیرودھائی بس سٹینڈ راولپنڈی کے قریب ملزم کے قبضے سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ایک اور کارروائی فیصل آباد میں بابو پٹرولیم کے قریب کی گئی جہاں گاڑی سے 42 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ 2 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔