دہشتگردوں کا فرنٹیئر کور پوسٹ پر حملہ ناکام، 2 جہنم واصل، حوالدار شہید
10-09-2024
(لاہور نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کا فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا گیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ حوالدار وطن پر قربان ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، کارروائی میں ایک خودکش بمبار اور انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر عرف عمری سمیت دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد عمر عرف عمری ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے میں ملوث تھا، دہشتگرد عمرسکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا، دہشتگردوں کیخلاف شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگردہشت گردوں کی تلاش کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔