آئینی اصلاحات ملکی مفاد میں ہیں ہونی چاہئیں: راجہ پرویز اشرف

10-09-2024

(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئینی اصلاحات ملکی مفاد میں ہیں ہونی چاہئیں۔

اسلام آباد میں راجہ پرویز اشرف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام ہو گا، بلاول بھٹو اگر آئینی ترمیم کی بات کرتے ہیں ان کا ذاتی مفاد کیا ہے، اگر کسی کے پاس کوئی مشورہ ہے تو بلاو ل بھٹو کو دیں وہ لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے بلاول بھٹو اس مشن میں کامیاب ہوں، ترمیم کا مسودہ بل جس صورت میں آئے گا وہ کمیٹی میں بھی جائے گا، آئینی اصلاحات ملکی مفاد میں ہیں ہونی چاہئیں۔ رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اگر جلسہ بھی کرنا ہے تو اس کا بھی طریقہ ہوتا ہے، کسی صوبے پر چڑھائی کرنا کیسے درست ہے، اسلام آباد میں ایک بڑی عالمی کانفرنس ہونے جا رہی ہے وہاں کوئی ڈرامہ نہیں ہونا چاہیے۔ راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اس ملک کو ہم آہنگی کی ضرورت ہے، مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، ہم بلاول بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہ سیاست سے بالاتر ہو کر بات کرتے ہیں، ہم پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔