وزیر اعظم سعودی سرمایہ کاری وفد کے اعزاز میں کل عشائیہ دینگے

10-09-2024

(لاہور نیوز) پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیلئے سعودی وفد کی پاکستان آمد کا شیڈول جاری کر دیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف 10 اکتوبر کو سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی اعلیٰ سطح سرمایہ کاری وفد 10 اکتوبر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے، سعودی وفد پاکستان میں دو راب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا،  سعودی وفد کیلئے عشائیہ میں وفاقی وزراء کو بھی مدعو کیا گیا ہے، سعودی وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ بھی کرے گا جبکہ عسکری حکام سے بھی وفد کی ملاقاتیں اسی روز متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارتی سطح پر سعودی وفد کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی پرسوں ہوں گی، وفد کے ساتھ 10 اکتوبر کو پلینری سیشن، سیکٹورل بریک آؤٹ سیشن، بزنس ٹو بزنس سیشن ہو گا، مختلف سیشنز میں وزارت توانائی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی حکام شامل ہوں گے، سیشنز میں وزارت فوڈ سکیورٹی، کمیونیکیشن ڈویژن، وزارت پٹرولیم حکام شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کیلئے وزارت صنعت و پیداوار اور سروسز سیکٹر کے لوگ بھی شامل ہوں گے، سیشنز کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔