منڈیوں سے پرچون بازاروں تک مہنگائی کے ڈیرے
10-09-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی کا گراف نیچے نہ آیا، منڈیوں سے پرچون بازاروں تک مہنگائی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
اشیائے ضروریہ کے دام مسلسل بے لگام ہیں، سبزی منڈیوں اور پرچون بازاروں میں مہنگائی کا چرچا ہے، ہوشربا مہنگائی اور گرانفروشی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا، گلی محلوں اور پوش علاقوں میں دکانداروں نے خودساختہ ریٹ لسٹ لگا رکھی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 3 سبزیاں مزید مہنگی کر دی گئیں، پرچون میں ادرک چائنہ ایک ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گیا، آلو 120 روپے اور گاجر چائنہ 130 روپے فی کلو تک بیچی جا رہی ہے۔ پھلوں کی خریداری بدستور جیب پر بھاری ہے، سرکاری ریٹ لسٹ میں 4 پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، سیب درجہ اول 280 روپے، آڑو 450 روپے، پپیتا 360 روپے فی کلو ہے، کیلے درجہ اول 160 روپے فی درجن تک فروخت کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب برائلر گوشت کی بلیک مارکیٹنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، صافی برائلر گوشت 700 روپے فی کلو تک مل رہا ہے جبکہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی فارمی انڈے 294 روپے فی درجن تک پہنچ گئے۔ عوام کا کہنا ہے منڈی میں اشیاء کے دام الگ الگ مقرر ہیں، پرچون دکانداروں کو تو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔