جن کی خود کوئی کارکردگی نہیں وہ دوسروں سے سوال کر رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

10-09-2024

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جن کی خود کوئی کارکردگی نہیں وہ دوسروں سے سوال کررہے ہیں۔

مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کے پی حکومت کا ریلیف سے کوئی تعلق ہے نہ کسان سے اور نہ ہی سولر پینل بانٹنے سے کوئی تعلق ہے، بھائی یہ کر کیسے لیتے ہیں آپ لوگ؟ کے پی حکومت کے پاس روٹی سستی کرنے کا میکنزم تک نہیں ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا پنجاب کا کسان مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہے، مریم نواز کسانوں کے لئے کسان پیکج پر عمل درآمد شروع کر چکی ہیں، لاکھوں کسانوں کا درخواستیں دینا انکا مریم نواز پر اعتماد ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کسانوں کو ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں ٹریکٹرز تقسیم کرنے جا رہے ہیں، ڈیڑھ لاکھ کسان کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں، مریم نواز  نے چند ماہ میں پنجاب کے لوگوں کو سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا ہے، مریم نواز کی حکومت نے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں بھی 55 ارب کا ریلیف دیا ہے، مریم نواز جلد پنجاب میں سولر پینل کا بھی منصوبہ لا رہی ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے بھی سولر پینل دینے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ صرف اعلان ہی رہا، کے پی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے اور یونیورسٹیاں چلانے تک کے بھی فنڈز میسر نہیں، صوبے کی عوام کے لئے ان کے پاس فنڈز نہیں مگر دھرنے، جلسوں اور احتجاج کے لئے تمام مسائل میسر ہیں۔