چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان سے باہر ہونے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں: پی سی بی

10-09-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بارے میں برطانوی اخبار کے دعوے کی سختی سے تردید کر دی۔

برطانوی اخبار نے خبر دی ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل پاکستان سے باہر کھیلا جائے گا۔ تاہم پی سی بی نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فائنل سمیت چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد کے بارے میں واضح مؤقف رکھتا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان سے باہر ہو، پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں واضح پیغام دے دینا چاہتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہونگے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور پی سی بی اپنی تمام توجہ اسی پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور چیمپئنز ٹرافی فروری مارچ 2025 میں کھیلی جانی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالے سے بی سی سی آئی نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔