آئینی ترامیم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو نقصان ہوگا: مفتاح اسماعیل

10-09-2024

(لاہور نیوز) جنرل سیکرٹری عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو نقصان ہوگا۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، یہ حکومت اس لیے گھبرائی ہوئی ہے، اس وقت ملک کوافراتفری نہیں استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی پچھلی باتوں کو بھول جانا چاہیے، ملک کی خاطر سب کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا۔ ان کا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو اچانک آئینی عدالت یاد آگئی ہے،آئینی ترمیم سے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو نقصان ہوگا، مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کو ماضی کی تاریخ نہیں بھولنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو بھی وزیراعظم بننےکی کوشش کر رہے ہیں۔