اسلام آباد پولیس نے کے پی ریسکیو کی 17 گاڑیاں قبضے میں لے لیں
10-08-2024
(لاہور نیوز) تحریک انصاف کے احتجاج کا معاملہ، اسلام آباد پولیس نے خیبرپختونخوا کی ریسکیو کی 17 گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو کی گاڑیاں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے ساتھ آئی تھیں، یہ ریسکیو گاڑیاں پنجاب داخل ہونے کے لیے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے لائی گئی تھیں۔ احتجاج کے دوران اسلام آباد سے خیبرپختونخوا کے 64 ریسکیو اہلکار بھی گرفتار کیے گئے ہیں، احتجاج کے دوران کے پی کے پولیس کے 24 اور ٹی ایم اے پشاور کے 8 اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران قبضے میں لی گئی ریسکیو گاڑیوں میں 6 ایمبولینسز، 7 فائر ٹینڈرز شامل ہیں، قبضے میں لی گئی گاڑیوں میں 3 واٹر بوذر اور ایک کرین بھی شامل ہے۔ یہ ریسکیو گاڑیاں مردان، چارسدہ، پشاور، باجوڑ، دیر، سوات اور صوابی سے منگوائی گئی تھیں، تمام ریسکیو گاڑیوں اور عملے نے اسلام آباد کی حدود میں رکاوٹوں کو ہٹایا۔