فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں عمران بھی واضح کر چکے: علی امین گنڈا پور

10-08-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ فوج ہماری ہے اس سے ہماری کوئی لڑائی نہیں، عمران خان بھی اس حوالے سے واضح کر چکے ہیں۔

صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ویزر اعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس پر رینجرز اور پولیس نے دھاوا بولا، مجھے گرفتاری کا کوئی خوف نہیں لیکن اس روز مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ میری گرفتاری وقار کے ساتھ نہیں ہوگی۔ علی امین گنڈا پور  نے کہا کہ ہمارے جلوس پر شیلنگ کی گئی جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، ہم  نے احتجاجاً سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا کیونکہ جلسوں کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمیں مویشی منڈیوں میں جلسوں کی اجازت دی گئی جیسے ہم کوئی جانور ہوں، ہم خیبرپختونخوا ہاؤس آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں کے پی ہاؤس سے نکلا تو میرے پاس نہ موبائل تھا اور نہ جیب میں پیسے، واپسی پر جب میں ایک ڈی پی او کے گھر گیا تو اس نے کہا کہ سر! میرا نام نہیں لینا میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں میری نوکری چلی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم سے ایسا سلوک کیا گیا جیسے ہم کوئی دہشتگرد ہوں، جو بھی عمران خان سے منافقت کرے اللہ اسے اور اس کے خاندان کو غرق کرے، قوم کسی کی باتوں میں نہ آئے، ہمارے کارکنوں کے جذبے سے حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو وارننگ دی کہ اگر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے نہ ہٹایا گیا تو اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے۔