نابینا افراد اور پنجاب حکومت کے درمیان 16 ویں روز بھی ڈیڈ لاک برقرار
10-08-2024
(لاہور نیوز) نابینا افراد اور پنجاب حکومت کے درمیان 16 ویں روز بھی ڈیڈ لاک برقرار، مظاہرین کا کہنا ہے کہ جو اقدامات بھی کئے گئے ہیں ہمارے ساتھ تحریری طور پر ایگریمنٹ کیا جائے۔
صوبائی دارالحکومت کے شہر لاہور میں نابینا افراد کا احتجاج سولویں روز میں داخل ہو گیا، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ بھی مظاہرین سے ملنے پہنچے۔ نابینا افراد نے کہا کہ جو بھی اقدامات کئے گئے ہمیں تحریری طور پر ایگری منٹ کیا جائے، صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری طرف سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں، نابینا افراد کے مطالبات کابینہ کمیٹی نے منظور کرنے ہیں۔ سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ نابینا افراد کا مطالبہ ہے فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے جو ممکن نہیں تاہم انہیں ہر ممکن سہولت اور 3 وقت کا کھانا دے رہے ہیں جبکہ نابینا افراد کو عنقریب خوشخبری دیں گے تاہم نابینا افراد نے کہا کہ وہ وزیر سوشل ویلفیئر کی گفتگو سے اتفاق نہیں کرتے، اگر کوئی اقدامات کئے گئے ہیں تو ہمارے ساتھ ایگریمنٹ کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نابینا افراد کا وی آئی پیز کا الاؤنس 100 سے بڑھا کر 600 روپے کر دیا ہے جبکہ ہمت کارڈ میں 7 ہزار خصوصی افراد کو ریلیف دے رہے ہیں۔