ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے انسداد سموگ آپریشن، مزید سینکڑوں دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا چالان
10-08-2024
(لاہور نیوز) ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے انسداد سموگ آپریشن میں تیزی آ گئی، مزید سینکڑوں دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا چالان کر دیا گیا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر سے سموگ کے خاتمے کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے کمر کس لی، ایک ہفتے کے دوران سینکڑوں دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا چالان جبکہ درجنوں گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی یکم سے 7 اکتوبر تک انسداد سموگ مہم میں 17 ہزار گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، دھواں چھوڑنے والی 1 ہزار سے زائد گاڑیوں کا چالان اور 330 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی 839 گاڑیوں کا چالان بھی کیا گیا ہے، انسداد سموگ کارروائی میں ساڑھے 27 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی کئے گئے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا ہے لاہور سمیت تمام شہروں کو سموگ کے عذاب سے بچانا ہے، دھواں چھوڑتی گاڑیاں شہروں کو آلودہ اور لوگوں کو بیماریوں میں مبتلا کر رہی ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی گاڑیوں کی سروس کروا کر دھوئیں سے ماحول کو اور جرمانے سے خود کو بچائیں۔