پی ٹی آئی رہنما احسن فتیانہ بازیاب ہو کرگھر پہنچ گئے
10-08-2024
(لاہور نیوز) پی ٹی آئی رہنما احسن فتیانہ کے وکیل نے تصدیق کی ہے کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی بازیاب ہو کرگھر پہنچ گئے ہیں۔
احسن ریاض فتیانہ کے وکیل میاں علی اشفاق نے لاہور ہائیکورٹ کو بازیابی کے حوالے سے آگاہ کر دیا، انہوں نے بتایا کہ آج صبح احسن فتیانہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ عدالتی حکم پر سی سی پی او لاہور نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، سرکاری وکیل نے کہا کہ اغوا کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ قانونی کارروائی کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو کیس کی پیروی کریں، بعدازاں عدالت نے سی سی پی او کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔ واضح رہے کہ درخواست گزار کے وکیل میاں علی اشفاق نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ احسن فتیانہ کو صبح ساڑھے 3 بجے گھر سے جبری لاپتہ کیا گیا، پولیس اور ایف آئی اے نے مشترکہ چھاپہ مارا، احسن فتیانہ کو ابھی تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔