لاہور چیمبر آف کامرس کا آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی کا مطالبہ
10-08-2024
(لاہور نیوز) لاہور چیمبر آف کامرس نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر فوری نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا۔
صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ آئی پی پیز ملکی صنعت اور کاروبار کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لے آئے ہیں، 19 روپے کیپسٹی پیمنٹ اب ادا نہیں کی جا سکتی، فوری طور پر 107 پاور ہاوسز سے حتمی مذاکرات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حب پاور پلانٹ 16 سال میں 11 ارب روپے لگا کر 200 ارب روپے کما چکا ہے، دیگر آئی پی پیز بند یونٹس سے سالانہ 1100 ارب روپے چارجز منافع لے رہے ہیں، کون کہتا ہے کہ معاہدوں پر نظر ثانی یا ختم نہیں ہو سکتے۔ میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ مفاد پرست ٹولہ ایسی بات کر سکتا ہے لیکن قوم بجلی کے بل دے دے کر مر گئی ہے، بجلی فوری 25 فیصد سستی کی جائے، وزیر اعظم شہباز شریف خون چوسنے والے آئی پی پیز بند کریں، قوم ان کے ساتھ ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس نے مزید کہا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی شرائط کو بھی قوم کے سامنے لایا جائے، ملک میں بے روز گاری اور مہنگائی کی اصل وجہ بجلی اور سود ہے۔