پاکستان کیخلاف اپنے باؤلرز کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں، انگلینڈ اسسٹنٹ کوچ
10-08-2024
(ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ جیتن پٹیل نے کہا ہے ہمارے باؤلرز نے پاکستان کے خلاف وکٹیں لینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی، پہلے دن کے کھیل میں اپنی باؤلنگ سے کافی مطمئن ہیں۔
جیتن پٹیل نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کی چار وکٹیں لے کر ہم کافی خوش ہیں، ہم اپنی گیم کو مثبت انداز میں لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیک لیچ ایک شاندار باؤلر ہیں، انہوں نے اپنی فیلڈنگ کے مطابق باؤلنگ کروائی، شعیب بشیر نے بھی بہتر باؤلنگ کی ہے، کرس ووکس نے پورے سیزن میں اچھی باؤلنگ کی ہے، تمام باؤلرز نے وکٹیں لینے کی پوری کوشش کی۔ موسم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملتان میں موسم کافی گرم ہے، ایشیا میں کھیلتے ہوئے کنڈیشنز کافی مختلف ہوتی ہیں۔ انگلش ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ نے مزید کہا کہ کرس ووکس نے ملتان کی فلیٹ پچ پر بابر اعظم کو آؤٹ کیا جو ہمارے لئے خوش آئند ہے، ہمارے باؤلرز نے ایسی پچ پر جس کے بارے میں کچھ آئیڈیا نہیں تھا اچھی باؤلنگ کی۔ میچ سے قبل ہمیں کچھ پتہ نہیں تھا کہ کیسی پچ مل رہی ہے کیونکہ ایک ہفتے سے پچ کو کور کیا ہوا تھا، پہلے پانچ اوورز کے بعد ایسا لگا جیسے یہ پچ ایک ون ڈے کرکٹ میچ کی پچ ہے۔ جیتن پٹیل کا کہنا تھاکہ ہمیں ایسا لگا گراس کی وجہ سے ہمارے باؤلرز کو اچھی سپیڈ ملے گی پر ایسا کچھ ہوا نہیں ہے لیکن پھر بھی ہم نے وکٹیں حاصل کی ہیں، ہمارے باؤلرز نے ہر موقع پر پاکستانی بیٹرز کو چیلنج کرنے کی بھرپور کوشش کی۔