ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے: گورنر پنجاب
10-07-2024
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اتحادی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے کیونکہ اس وقت ملک کسی تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
گورنر پنجاب نے رحمان پورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صوبے کی بہتری کرنی ہے، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے مطابق سیدھا میرٹ پر چلنا ہے اور کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کرنی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف آلائنس کو چلانا ہے جبکہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس سے پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہو رہا ہے، احتجاج ضرور ریکارڈ کروائیں لیکن ملک کی عزت و وقار کے لیے اکھٹے ہو جائیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چین کے صدر کو ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جب کوئی یہاں آنے کو تیار نہیں تھا، اب بیرونی سازشیں، دہشت گردی اور لا اینڈ آرڈر کی صورت حال شروع کر دی گئی ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ چیزیں بہتری کی طرف آنا شروع ہو گئی ہیں، مہنگائی اور پیٹرول کی قیمت کم ہو رہی ہے، کامیاب شنگھائی کانفرنس سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی، خدا کے لیے اپنی سیاست کو کچھ وقت کے لیے چھوڑ دیں اور غریب کو ریلیف دینے کے لیے سر جوڑ کر بیٹھیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت ہٹ دھرمی چھوڑ دے تو ملک اور اُن کے لیے بھی یہی بہتر ہو گا، اگر انہوں نے منفی سیاست نہ چھوڑی تو پھر پی ٹی آئی تباہ ہو جائے گی، عقل کو استعمال کریں ملک کے لیے ان کے لیے بھی بہتر ہو گا۔