آج کے فورم سے واضح پیغام ہے پاکستان فلسطین کیساتھ کھڑا ہے: بلاول بھٹو
10-07-2024
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آج کی آل پارٹیز کانفرنس دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔
مسئلہ فلسطین پر ایوان صدر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غزہ میں بربریت کو ایک سال ہوگیا ہے، پاکستان میں معاشی مسائل اور دہشت گردی کا سامنا ہے لیکن جہاں فلسطین کا مسئلہ ہو گا وہاں ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے فورم سے واضح پیغام ہے ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی، وزیر اعظم کا اقوام متحدہ میں اسرائیلی وزیر اعظم کی تقریر پرواک آؤٹ بہادر فیصلہ تھا، تمام سیاسی جماعتوں کا فلسطین کے حوالے سے وزیر اعظم کو مکمل تعاون حاصل ہو گا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے فلسطین کے معاملے کو دنیا میں اٹھانا ہے، ہم عالمی سطح پر سفارتی جنگ لڑنے کو تیار ہیں، اگر باقاعدہ جنگ کی ضرورت ہو گی تو سب آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، ہم فلسطینی بہن بھائیوں کو نہیں بھولے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں، اسرائیلی قیدی ایک بہانہ تھا ان کا مقصد پورے فلسطین پر قبضہ کرنا ہے، ہم نےدنیا میں صیہونیوں کی سازش کو بے نقاب کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ کے زیادہ تر عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، سپین اور جنوبی افریقہ کو فلسطین کیلئے سٹینڈ لینے پر سلام پیش کرتا ہوں، اعلیٰ سطح کی کمیٹی پوری دنیا میں اسرائیلی سازش کو بےنقاب کرے، فلسطینیوں کو حق دلوانے کے معاملے پر ہم سب وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔