مریم نواز سے پرتگالی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

10-07-2024

(لاہور نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پرتگال کے سفیر ایچ ای مسٹر مینوئل فریڈریکو پنہیرو ڈا سلوا نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے مراعاتی پیکیج ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ باہمی تعلقات کے فروغ اور تجارتی حجم بڑھانے کے لئے دو طرفہ ٹیمیں تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں میں پرتگال کے تجربات اور مشاہدات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے حکام سے باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے پائیدار اور مؤثر پلان طلب کر لیا، ملاقات میں تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت اور ٹورازم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتےہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پرتگال کے ساتھ سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، پرتگال کے سرمایہ کاروں کا پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے خیر مقدم کریں گے، پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔ پرتگال کے اعزازی قونصل افتخار فیروز، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایڈیشنل سیکرٹری سارہ حیات اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔