سری لنکا میں کئی سال سے قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

10-07-2024

(لاہور نیوز) سری لنکا میں کئی سال سے قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے، 5 خواتین اور 51 مرد قیدیوں کو چارٹرڈ طیارے پر واپس لایا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ برسوں بعد وطن واپس آنے پر قیدیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے، بزرگ خاتون نے محسن نقوی اور عبدالعلیم خان کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ بیٹا آپ کا شکریہ کہ ہم پاکستان واپس آ گئے ہیں، آپ کی بہت مہربانی، یہ احسان زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔ واپس آنے والے ایک قیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی اور عبدالعلیم خان کی بدولت آج وطن واپس آئے ہیں، جن حالات میں قید تھے، شکر ہے کہ ہم واپس وطن آئے۔ ایک اور قیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی اور عبدالعلیم کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہمیں گھر واپس لائے۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی یقینی بنانے کے لئے ذاتی دلچسپی لی، انہوں نے سری لنکن ہائی کمشنر کے ساتھ اس ایشو کو اٹھایا، جبکہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے اخراجات برداشت کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے تعاون پر سری لنکن حکومت اور ہائی کمشنر کے کردار کو سراہتے ہیں، قیدیوں کی واپسی کے اخراجات برداشت کرنے پر عبدالعلیم خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔