اہم شاہراہیں کھول دی گئیں صورتحال معمول پر ہے: محسن نقوی کی وزیر اعظم کو بریفنگ

10-06-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے، سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی سے متعلق بریف کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے جبکہ وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان ان افراد کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔ وزیر اعظم  نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی اور اسلام آباد کی امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی ستائش کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر دھاوا ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا ہے، پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کانسٹیبل عبدالحمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائیں، قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے، اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی، سکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے۔