پلیئنگ الیون فائنل کرلی، انگلینڈ سے سیریز جیتنے کی کوشش کرینگے: شان مسعود
10-06-2024
(لاہور نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہم نے پلیئنگ الیون فائنل کرلی ہے، انگلینڈ سے سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ صائم ایوب، عبداللہ شفیق،سعود شکیل، بابر اعظم، شاہین آفریدی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں ، ابرار احمد، محمد رضوان، عامر جمال اور سلمان علی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین سٹوکس ٹیم میں شامل نہ ہونے سے انگلینڈ کی ٹیم کمزور نہیں ہوگی، انگلینڈ ٹیم کے پاس 16 رکنی سکواڈ ہے سب بہترین کھلاڑی ہیں، انگلینڈ سے پچھلی سیریز جیت کے قریب جا کر ہارے اس بار جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ شان مسعود کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی کرکٹ سے ہم واقف ہیں اس کے مطابق پلان بنایا ہے، عامر جمال کے آنے سے ہماری پوزیشن مستحکم ہوئی ہے، ٹیسٹ میچ کی سٹریٹجی ایک دن کے مطابق نہیں بنا سکتے پانچ دن کو دیکھنا ہوتا ہے۔ قومی کپتان نے کہا کہ بنگلادیش کیخلاف سیریز میں سات نمبر کے بعد ہمارے رنز نہیں بنے، عامر جمال کے نہ ہونے سے نقصان ہوا، بنگلادیش کیخلاف سیریز میں بیٹنگ سائیڈ میں کمزوری کی وجہ سے ہم میچ ہارنے کی پوزیشن میں آئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلش ٹیم میں ناتجربہ کار کھلاڑی بھی ہیں مگر کسی کو کمزور حریف نہیں سمجھیں گے، چیمپئنز کپ میں شاہین نے زیادہ سے زیادہ اوورز کروائے، امید ہے وہ فارم میں واپس آئے ہوں گے۔