اسلام آباد،راولپنڈی میں موبائل سروس بحال، مختلف راستے بھی کھل گئے
10-06-2024
(لاہور نیوز/ ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں تین روز سے بند موبائل فون سروس بحال ہوگئی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں اندرون شہر تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹا دیئے گئے، مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کیلئے کھول دیئے گئے۔ ڈی سی نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے ، کچھ دیر تک تمام رکاوٹیں ہٹا کر راستے بھی کھول دیئے جائیں گے، راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے راستے کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کا اختیار ہے۔ اس کے علاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرعائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ احتجاج کے باعث جڑواں شہروں کے بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے پر مظاہرین کی ممکنہ پیش قدمی روکنے کیلئے ڈی چوک میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے تازہ دم دستے موجود ہیں۔ مظاہرین کو شہر اقتدار سے نکالنے کیلئے انتظامیہ کا رات بھر آپریشن جاری رہا جبکہ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران نے رات گئے جناح ایونیو کا دورہ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیا۔ اسلام آباد کی حدود میں ایکسپریس وے، کشمیر ہائی وے ٹریفک کیلئے کھلی ہے، مری روڈ اور ایئرپورٹ روڈ بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں تاہم ریڈ زون جانے اور آنے والے تمام راستے بند ہیں، اسلام آباد سے لاہور جانے کے لئے موٹروے ایم ون ٹریفک کے لئے کھلی ہے، ایم ون پر کھودی گئی خندقوں کو بھر دیا گیا ہے، اسلام آباد سے پشاور جانے کیلئے موٹر وے ایم ٹو بھی کھول دی گئی ہے۔ دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے ٹریفک کیلئے کھلے ہیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے تمام باسی بآسانی شہر میں اور شہر کے باہر جا سکتے ہیں، ایسٹرن بائی پاس بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ، سگیاں سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔