لاہور سمیت متعدد شہروں میں آندھی کے بعد بارش، مال روڈ، لکشمی، مینار پاکستان میں جل تھل

10-06-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دار الحکومت میں گزشتہ رات تیز آندھی کے بعد بارش کے باعث مال روڈ، مینار پاکستان، جی پی او اور دیگر علاقوں میں جل تھل ہوگئی، بجلی کی آنکھ مچولی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

آندھی کے باعث تار آپس میں ٹکرانے اور بارش کی وجہ سے فیڈر ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ سانگلہ ہل شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث بجلی غائب ہو گئی، گوجرہ شہر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ فیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پھالیہ، کامونکی، وزیر آباد، شرقپور شریف، مریدکے اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، بارش شروع ہوتے ہی واپڈا کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔