پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
10-05-2024
(لاہور نیوز) سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
عدالت عظمیٰ میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی درخواست پر سماعت 11 اکتوبر کو ساڑھے 11 بجے ہو گی جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ تین رکنی بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں، ججز کمیٹی نے آئندہ ہفتے کے لئے ججز روسٹر بھی جاری کر دیا ہے۔ روسٹر کے مطابق بینچ نمبر ایک چیف جسٹس ، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل ہے جبکہ بینچ نمبر 2 میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہیں۔ سپریم کورٹ کا بینچ نمبر تین جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہو گا جبکہ بینچ نمبر 4 جسٹس امین الدین ، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہو گا۔ بینچ نمبر 5 میں جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہوں گے جبکہ بینچ نمبر 6 جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہو گا۔ بینچ نمبر 7 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہوں گے۔