سبزیوں اور پھلوں کے نرخ میں اضافے نے عوام کو پریشان کر دیا
10-05-2024
(لاہور نیوز) عوام کی قوتِ خرید جواب دے گئی، سبزیوں اور پھلوں کے نرخ میں اضافے نے عوام کو پریشان کر دیا۔
غریب جائے تو کہاں جائے؟سبزیوں اور پھلوں کے دام مسلسل بے لگام ہیں، مارکیٹ کمیٹی نے ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے نرخ میں اضافہ کر دیا۔ پیاز کی قیمت 180 روپے، آلو 120 روپے اور ٹماٹر 150 روپے فی کلو تک جا پہنچا، لہسن اور ادرک خریدنا اور ہنڈیا کی زینت بنانا بھی انتہائی مشکل ہو گیا، مارکیٹوں میں لہسن 650 روپے اور ادرک 850 روپے فی کلو دستیاب ہیں، اسی طرح لیموں 620 روپے ، شلجم 120 روپے اور میتھی 350 روپے کلو مل رہے ہیں۔ موسمی پھل بھی سستے نہ ہو سکے، اول درجہ کیلا 200 روپے فی درجن، سیب 280 روپے، آڑو 350 اور آلو بخارہ 400 روپے فی کلو بِک رہا ہے۔ برائلر بھی قیمت نیچے نہ آنے سے عوام کی پہنچ سے دور ہی ہے، برائلر گوشت 595 روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈے 291 روپے فی درجن مقرر ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے تاکہ سبزیاں بجٹ میں آ سکیں۔