وزیرداخلہ کا فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت

10-05-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوانوں نے قوم کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں، قوم شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، شہداء نے جان دے کر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔