لندن میں کنسرٹ، دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کو سٹیج پر بلا لیا

10-05-2024

(ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف پنجابی گلوکارواداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے لائیو کنسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو سٹیج پر بلا لیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے دلجیت دوسانجھ برطانیہ میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف شہروں میں میوزک کنسرٹس کررہے ہیں۔ گلوکار کے کنسرٹس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں دلجیت کے ہمراہ اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ مذکورہ وائرل ویڈیو دلجیت دوسانجھ کے لندن میں ہونے والے حالیہ کنسرٹ کی ہے، اس کنسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی بطورِ مداح شرکت کی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب دلجیت دوسانجھ کو کنسرٹ میں ہانیہ عامر کی موجودگی کا علم ہوتا ہے تو وہ اداکارہ کو سٹیج پر مدعو کرتے ہیں۔ دلجیت دوسانجھ، ہانیہ عامر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ سُپر سٹار ہیں، براہِ کرم! اسٹیج پر تشریف لائیں۔ ہانیہ عامر مداحوں کی بھرپور تالیوں میں سٹیج پر جاتی ہیں تو گلوکار اُن کے لیے گلوکاری کرتے ہیں اور پھر اداکارہ بھی دلجیت سمیت تمام مداحوں کی حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ دلجیت دوسانجھ کہتے ہیں کہ ہانیہ جی! آپ بہت اچھا کام کرتی ہیں، میں آپ کے ڈرامے بڑے ہی شوق سے دیکھتا ہوں۔ بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ آپ میری دعوت پر سٹیج پر آئیں، اس کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔