پنجاب: سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 18 دہشتگرد گرفتار
10-05-2024
(لاہور نیوز ) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 134 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، اس دوران 18 دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن لاہور ، خوشاب ، گوجرانوالہ ، پاک پتن ، بہاول نگر ، راولپنڈی، فیصل آباد، شیخوپورہ ، منڈی بہاؤالدین اور میانوالی میں کیے گئے۔ حکام نے بتایا کہ لاہور ، فیصل آباد اور راولپنڈی سے فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ حکام سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، 18 ڈیٹونیٹر ، 53 فٹ حفاظتی فیوز وائر ، گولیاں اسلحہ ، ایک آئی ای ڈی بم ، موبائل فون ممنوعہ پمفلٹ نقدی اور نقشے برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت فیض ، عظیم ، طارق ، آصف ، عرفان، حسان ، فتح ، ولید احمد ، اسد الرحمان ، ضیاء الحق وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ حکام کاکہنا ہے کہ رواں ہفتے میں 2716 کومبنگ آپریشنز کے دوران278 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ، کومبنگ آپریشنز میں 90141 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔